لاہور نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی، آخری دن بھی احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں: مریم نواز

02-08-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت کے موقع پر حفاظتی ایس او پیز پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے پر اہلِ لاہور کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور والوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور آج بہت خوش ہے اور میں بھی بہت خوش ہوں، الحمدللہ لاہور کے شہریوں نے قواعد و ضوابط پر عمل کر کے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا، خوش و خرم مگر محفوظ بسنت کے تصور کو پوری طرح اپنایا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ کھابے کھائے گئے، پیچوں پر پیچ لڑائے گئے اور ہوا کے جوش میں پتنگوں کی آنکھ مچولی جاری رہی، یہی اصل خوشی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ سائز اور مقررہ پنے کے علاوہ ممنوعہ ڈور کے استعمال کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق محفوظ بسنت منائی گئی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق لاہور بھر میں دھاتی تار استعمال نہ ہونے کے باعث ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پیشگی حفاظتی اقدامات مؤثر ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سیف بسنت کا تصور لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی اپنایا جائے گا۔ بسنت کے موقع پر لبرٹی، اندرون شہر سمیت تمام علاقوں میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال متعین کیے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ بسنت فیسٹیول کے آخری دن بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔