پی ایس ایل کی نئی ٹیم حیدرآباد کا نام اور لوگو سامنے آگیا

02-08-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 میں شامل ہونے والی حیدرآباد کی نئی فرنچائز کا نام سامنے آگیا۔

ہفتے کے روز حیدرآباد میں پی ایس ایل کی نئی فرنچائز کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں حیدرآباد کی ٹیم کا نام اور لوگو باضابطہ طور پر متعارف کرایا گیا۔ پی ایس ایل کی نئی فرنچائز کا نام ’حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین‘ رکھا گیا ہے۔ پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ میں حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین کا آفیشل لوگو بھی شائقین کے سامنے پیش کیا گیا، جسے کرکٹ مداحوں کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 8 کر دی گئی ہے، جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کو نئی فرنچائزز کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ حیدرآباد فرنچائز کے مالک فواد سرور ہیں، جنہوں نے 175 کروڑ روپے میں اس ٹیم کے حقوق حاصل کیے تھے۔ پی ایس ایل کی دوسری نئی ٹیم سیالکوٹ نے اپنی فرنچائز کا نام ’سیالکوٹ اسٹالینز‘ رکھا ہے۔