پی ڈی ایم اے پنجاب کا بارش و برفباری بارے الرٹ جاری

02-07-2026

(لاہورنیوز) پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارش و برفباری بارے الرٹ جاری کر دیا۔

  پی ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔الرٹ کے مطابق 9 سے 10 فروری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 10 فروری کے دوران لاہور میں بھی گھنے بادلوں سمیت بارش کا امکان ہے، پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گھنے بادلوں سمیت بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشا، جھنگ، نورپور تھل، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ڈایزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔