سانحہ اسلام آباد کے بعد لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ،سخت مانیٹرنگ
02-07-2026
(لاہور نیوز) سانحہ اسلام آباد کے تناظر میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے امام بارگاہوں، مساجد اور دیگر مذہبی مقامات کی سکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پبلک مقامات، مارکیٹوں اور رش والی جگہوں پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے، جبکہ پولیس ٹیموں کو ہاٹ سپاٹ ایریاز کی خصوصی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے، سپروائزری افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور سکیورٹی صورتحال کی متواتر نگرانی کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے سیف سٹی اتھارٹی کے کیمرہ نیٹ ورک کے ذریعے شاہراہوں اور اہم مقامات کی کڑی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 یا قریبی تھانے کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔