اسلام آباد خودکش حملہ: مریم نواز کی بسنت مصروفیات اور لبرٹی چوک تقریب ملتوی
02-06-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسلام آباد میں امام بارگاہ سے ملحق مسجد پر خودکش حملے کے سانحہ کے سوگ میں اپنی تمام بسنت مصروفیات ملتوی کر دیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے X (سابقہ ٹویٹر) پر اعلان کیا کہ وہ اسلام آباد میں مہلک دہشت گردانہ حملے کے بعد، 7 فروری بروز ہفتہ کو ہونے والی اپنی "بسنت سے متعلق سرگرمیاں" منسوخ کر رہی ہیں۔ لبرٹی چوک کی تقریب منسوخ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بتایا کہ انہوں نے اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کے متاثرین کے احترام میں لبرٹی اسکوائر پر شیڈول کئے گئے "میگا بسنت شو" سمیت اپنی ذاتی مصروفیات منسوخ کر دی ہیں۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر انتظامیہ نے لاہور کے مرکزی کلچرل پوائنٹ لبرٹی چوک پر بسنت کی خاص تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں میوزک کا بھی پروگرام ہونا تھا، اس بسنت شو میں مریم نواز شریف کو خود آنا تھا اور اس میں مداحوں اور بسنت میوزک کے شیدائی شہریوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت متوقع تھی۔ آج دوپہر اسلام آباد کے علاقہ ترلائی کلاں میں ایک امام بارگاہ سے ملحق مسجد میں نمازیوں پر خود کش حملے جیسے دہشتگردانہ واقعہ کے بعد مریم نواز نے لبرٹی شو اور اپنی بسنت کی تمام دوسری مصروفیات منسوخ کر دی ہیں۔