بسنت فیسٹیول: شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ڈی سی لاہور

02-06-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ بسنت فیسٹیول پر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

بسنت فیسٹیول کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے شہریوں کیلئے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ بسنت مناتے ہوئے حفاظتی اقدامات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے تاکہ یہ ثقافتی تہوار خوشیوں اور اچھی یادوں کا باعث بنے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے بسنت تہوار کے دوران سیفٹی پروٹوکولز اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے، انتظامی افسران شہر بھر میں سیفٹی راڈز کی تنصیب اور منڈیروں کی حفاظت کے انتظامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے کہا کہ ملک بھر سے عوام بسنت منانے لاہور آ رہے ہیں اور جشن کے ساتھ ساتھ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، انہوں  نے والدین سے خصوصی اپیل کی کہ وہ بچوں کی حفاظت کیلئے چھتوں پر حفاظتی اقدامات لازمی یقینی بنائیں۔