دو دہائیوں بعد بسنت کی واپسی، خوشیاں لاہور میں لوٹ آئیں، وزیر تعلیم پنجاب
02-06-2026
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ دو دہائیوں بعد بسنت کی رونقیں واپس آ رہی ہیں اور شہر بھر میں خوشیوں کا سماں بچھ گیا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ بسنت سے بہت سی یادیں وابستہ ہیں اور کئی دوست بیرونِ ممالک سے بسنت منانے کیلئے لاہور آ رہے ہیں، قوم کو گزشتہ چند سالوں میں چھینی گئی مسکراہٹیں دوبارہ واپس لوٹائی جا رہی ہیں، بسنت کو اب فیسٹیول کی شکل میں منایا جا رہا ہے اور تین دن تک شہر میں رونقیں لگیں گی، میوزک ہو گا اور پیچے کی سرگرمیاں ہوں گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی، اپنے کلچر کی واپسی پر وہ بہت خوش ہیں اور بسنت تہوار کی بحالی پر پنجاب کی عوام کو مبارکباد دیتے ہیں، انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے خوشیاں واپس لوٹانے میں معاونت فراہم کی۔ رانا سکندر حیات نے شہریوں سے اپیل کی کہ بسنت کا تہوار ضرور منائیں مگر حکومتی ہدایات اور ایس او پیز پر مکمل عمل کریں تاکہ یہ خوشیوں بھرا موقع محفوظ انداز میں گزارا جا سکے، جو رنگ 25 سال بعد واپس آ رہا ہے، اسے محفوظ بنانے میں ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔