لاہور میں بسنت، عدالتوں میں حراستی ملزمان کو پیش نہ کیا جا سکا
02-06-2026
(لاہور نیوز) لاہور میں بسنت کے تین روزہ جشن کے باعث شہر کی عدالتوں میں معمول کی عدالتی کارروائیاں متاثر ہوئیں۔
مختلف عدالتوں میں حراستی ملزمان کو پیش نہ کیا جا سکا، جس کے باعث متعدد مقدمات میں سماعت بغیر کسی پیشرفت کے ملتوی کر دی گئی۔ عدالتی ذرائع کے مطابق بسنت کے دوران پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد سکیورٹی اور ڈیوٹی پر تعینات ہونے کے باعث حراستی ملزمان کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا سکا، پولیس نفری کی مصروفیات کے باعث ملزمان کی پیشی ممکن نہ ہو سکی۔ حراستی ملزمان کو پیش نہ کئے جانے پر عدالتوں نے کیسز میں آئندہ تاریخیں دے دیں، جبکہ ٹرائل کیسز کی کارروائی بھی بغیر پیشرفت ملتوی کر دی گئی۔ عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیلوں میں بند ملزمان کے حوالے سے وارنٹ پیپر عدالتوں میں پیش کئے گئے، تاہم ملزمان کی عدم پیشی کے باعث سماعت آگے نہ بڑھ سکی۔