کمشنر لاہور کا موچی دروازہ کا دورہ، بسنت فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لیا
02-06-2026
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور مریم خان نے بسنت فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے موچی دروازہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بسنت فیسٹیول کے انتظامات بہترین انداز میں مکمل کئے گئے ہیں اور شہریوں کو بسنت سے قبل آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ تہوار کو محفوظ بنایا جا سکے۔ کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ دھاتی ڈور کے استعمال یا بسنت ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، شہری قوانین پر عمل کرتے ہوئے بسنت منائیں۔ پتنگوں کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم خان نے کہا کہ پتنگوں کے نرخ مارکیٹ خود طے کرتی ہے، انتظامیہ صرف اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مقرر کرتی ہے، پتنگوں کی قیمتوں پر ڈیمانڈ اور سپلائی کا براہِ راست اثر ہوتا ہے۔ کمشنر لاہور نے بتایا کہ ابتدائی طور پر مقامی پتنگ سازوں کو موقع دیا گیا، تاہم ڈیمانڈ میں اضافے کے بعد دیگر صوبوں اور اضلاع سے بھی پتنگوں کی سپلائی کی اجازت دی گئی تاکہ شہریوں کو پتنگوں کی دستیابی میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔