شہری بسنت ایس او پیز پر عمل کریں، خوشیوں کو محفوظ بنائیں، سی ٹی او لاہور

02-06-2026

(لاہور نیوز) سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ شہری حکومت پنجاب کی جانب سے دی گئی بسنت ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ خوشیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

بسنت کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس لاہور  نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا، چیف ٹریفک آفیسر لاہور  نے لاہوریوں کو محفوظ بسنت منانے کا خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ بسنت ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ خوشیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق بسنت کے دوران ٹریفک پولیس لاہور 24 گھنٹے تینوں شفٹوں میں کام کرے گی اور شہر بھر میں ٹریفک کا فلو برقرار رکھا جائے گا، ایک شفٹ میں ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز اور افسران تعینات کئے گئے ہیں جبکہ دفاتر میں تعینات تمام وارڈنز کو بھی سڑکوں پر ڈیوٹی کے لئے تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رش والے علاقوں میں ٹریفک پولیس کی اضافی نفری اور ٹریفک رسپانس یونٹس کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کے لفٹرز اور بریک ڈاؤن وہیکلز بھی 24 گھنٹے شہریوں کی مدد کے لئے سڑکوں پر موجود رہیں گے۔ سی ٹی او لاہور  نے بتایا کہ زونل ایس ایس پیز کی نگرانی میں تمام ڈویژنل ایس پیز اور سرکل افسران فیلڈ میں ہر وقت موجود رہیں گے تاکہ ٹریفک انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بسنت کے تینوں دن شہریوں کی سہولت کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کو فری کر دیا ہے، اس لئے شہری موٹر سائیکل کا کم سے کم استعمال کریں، اگر شہری موٹرسائیکل استعمال کریں تو بغیر سیفٹی راڈز کے موٹرسائیکل چلانے کی اجازت نہیں ہو گی اور بسنت کے تینوں دن بغیر سیفٹی راڈز موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔