کشمیر جلد عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا، فیلڈ مارشل

02-05-2026

(لاہور نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کے مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور ان کی امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں، مقبوضہ وادی کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جلد آزادی کی صبح دیکھے گی۔

آئی ایس پی آر مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مظفر آباد کا دورہ کیا ۔ مظفر آباد آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدائے کشمیر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت، جرات و قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معززین اور سابق فوجیوں سے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، کہا کہ بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دبا نہیں سکیں، کشمیر جلد عوام کی امنگوں اور تقدیر کے مطابق آزادی کی صبح دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتا رہے گا۔  اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل تک جدوجہد جاری رہے گی۔  فیلڈ مارشل نے کشمیر میں تعینات افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جنگی تیاریوں کی تعریف کی، کہا کہ ہر محاذ پر مکمل آپریشنل تیاری، چوکسی اور ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اگلے مورچے کا دورہ کیا اور فرنٹ لائنز پر جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔