بسنت: لاہور پولیس کی تیاریاں مکمل،جدید آلات اور اضافی نفری تعینات

02-05-2026

(لاہور نیوز) بسنت کے پرامن اور قانون کے مطابق انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس نے سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے جامع انتظامات مکمل کر لیے، شہر بھر میں پتنگ بازی پر کڑی نظر رکھنے کیلئے جدید آلات اور اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کیلئے 70 تھرمل ڈرونز، 150 دوربینز، 100 میگا فونز، سرچ لائٹس اور سیڑھیاں فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ ریڈ اور گرین زونز میں تعینات تمام پولیس ٹیموں کو ایک ایک دوربین دی گئی ہے، جس کے ذریعے ڈور پتنگ اور چھتوں پر ہونے والی ہلہ گلہ سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میگا فونز کے ذریعے شہریوں کو مسلسل آگاہی پیغامات دیے جائیں گے تاکہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی سے بروقت روکا جا سکے۔اسی طرح  تین روزہ بسنت کے دوران 10 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تین شفٹوں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق رات 12 بجے کے بسنت منانے کا آغاز کیا جا سکتا ہے، عوام کو  حفاظت کے ساتھ پتنگ بازی کرنے کی اجازت ہو گی۔ علاوہ ازیں لاہور پولیس نے مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جبکہ ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں پتنگ بازی ممنوع ہے۔ لاہور پولیس کے مطابق ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور بسنت کو ایک محفوظ، خوشگوار اور قانون کے دائرے میں منانا ہے۔