کشمیر میں دہائیوں سے جاری ظلم و ستم نے پوری انسانیت کو شرمندہ کر دیا: حمزہ شہباز
02-05-2026
(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کے بنیادی حقِ خودارادیت کا مقدمہ ہے۔
انہوں نے کشمیریوں سے یوم اظہار یکجہتی پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی سنگینیں کشمیریوں کے جسموں کو تو زخمی کر سکتی ہیں، مگر ان کے دلوں میں موجزن آزادی کی تڑپ کو کبھی قید نہیں کر سکتیں،جب تک کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز حق نہیں ملتا، خطے میں پائیدار امن کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کشمیر میں دہائیوں سے جاری ظلم و ستم نے پوری انسانیت کو شرمندہ کر دیا ہے، بھارتی ظلم و بربریت کی تمام تر انتہاؤں کے باوجود کشمیری عوام کے پائے استقلال میں آج بھی کوئی لغزش نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے لیے ہر فورم پر سینہ سپر رہے گا، پاکستان اور کشمیر کا رشتہ کلمۂ طیبہ اور جغرافیے کی ایسی مضبوط لکیر سے جڑا ہے جسے کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی، دنیا کو یہ حقیقت سمجھنا ہو گی کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے۔