انسدادِ پولیو مہم: 3 کروڑ 89 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل
02-05-2026
(لاہور نیوز) نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 2026 کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم چوتھے روز بھی ملک بھر میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
یہ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے تاکہ سرحد پار وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر طور پر روکا جا سکے، ابتدائی تین روز کے دوران ملک بھر میں 3 کروڑ 89 لاکھ سے زائد بچوں کی پولیو ویکسینیشن مکمل کر لی گئی۔ صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں جبکہ سندھ میں 86 لاکھ 14 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے، خیبر پختونخوا میں 62 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ اسی طرح بلوچستان میں تقریباً 18 لاکھ 1 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی جا چکی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی گئی ہے، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں 6 لاکھ 47 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ملک کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔