ٹی 20 ورلڈکپ تنازع: سابق انگلش کپتان ناصر حسین کی آئی سی سی پر تنقید

02-05-2026

(ویب ڈیسک) انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر ناصر حسین نے بھی ٹی 20 ورلڈکپ تنازع سے متعلق بنگلہ دیش اور پاکستان کے مؤقف کی حمایت کر دی۔

برطانوی چینل کے پوڈکاسٹ میں سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے ’اپنی بات پر قائم رہنے‘ کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑی مستفیض الرحمان کے حق میں مضبوط مؤقف اپنایا، جنہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے آئی پی ایل میں منتخب کرنے کے باوجود اچانک سکواڈ سے نکال دیا، اسی فیصلے کے بعد معاملات بگڑتے چلے گئے اور پاکستان نے بھی بنگلہ دیش کی حمایت میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ ناصر حسین نے کرکٹ میں سیاست کے بڑھتے ہوئے عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کا مقصد ممالک کو قریب لانا تھا، مگر اب یہی کھیل فاصلے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے ایشیا کپ 2025 میں ہاتھ نہ ملانے اور ٹرافی لینے سے انکار جیسے واقعات کو بھی مایوس کن قرار دیا۔ ناصر حسین نے آئی سی سی سے یکساں سلوک کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر یہی درخواست بھارت کی جانب سے آتی تو کیا فیصلہ مختلف ہوتا؟ ان کا کہنا تھا کہ اب بھارتی شائقین روئیں گے کہ ہمارے پاس پیسہ ہے، لیکن طاقت کے ساتھ ذمہ داری بھی ہوتی ہے، اور اگر چھوٹے ممالک کو مسلسل نظرانداز کیا گیا تو کرکٹ کا توازن مزید بگڑ جائے گا۔