پی ایس ایل: سٹیو سمتھ تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے

02-05-2026

(ویب ڈیسک) آسٹریلوی بلے باز سٹیو سمتھ پی ایس ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں ایڈیشن آٹھ ٹیموں کے ساتھ مارچ میں منعقد ہوگا۔ اس بار پی سی بی نے ہر فرنچائز کو ایک غیر ملکی کرکٹر سے براہ راست معاہدے کی اجازت دی تھی، البتہ یہ ضروری ہے کہ وہ گزشتہ سال پی ایس ایل کا حصہ نہ بنا ہو۔ نئی ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز نے آسٹریلوی سٹار بیٹر سٹیو سمتھ سے معاہدہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سمتھ کو 5 لاکھ ڈالر سے زائد معاوضہ ملے گا، یہ رقم پاکستانی روپے میں 14 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، یوں سمتھ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کرکٹر بن جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں ایک اور فرنچائز بھی 5 لاکھ ڈالر دینے کو تیار تھی لیکن سیالکوٹ کے ساتھ معاملات طے ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم کا معاوضہ 7 کروڑ روپے ہے، سمتھ ان سے دگنی رقم لیں گے۔ دوسری جانب 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد پی سی بی نے پرانی فرنچائزز کی ریٹینشن 8 سے کم کرکے 4 کردی تھی۔ انہیں 4 کیٹیگریز سے ایک ایک پلیئر برقرار رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ گزشتہ دنوں اس حوالے سے فہرست سامنے آگئی تھی، اب معاوضوں کی تفصیل بھی ظاہر کر دی گئی۔ 5 میں سے 4 فرنچائزز نے اپنے پلاٹینم کھلاڑیوں کو 7، 7 کروڑ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دیگر کو بھی خطیر رقم دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بعض کرکٹرز معاہدے میں طے شدہ رقم سے زیادہ پیسے وصول کریں گے، مگر کاغذ پر اعلان شدہ معاوضہ ہی ظاہر ہو گا۔ رواں برس 2 نئی فرنچائزز کے آنے سے کھلاڑیوں کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے، کئی نے دیگر آفرز سے اپنی ٹیموں کو آگاہ کر کے معاوضہ بڑھوا لیا تھا۔