پنجاب فوڈ اتھارٹی میں یومِ یکجہتی کشمیر پر تقریب، پرچم کشائی کی گئی

02-05-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفتر میں یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے افسران اور ملازمین کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ یومِ کشمیر کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد اور حقِ خودارادیت کی یاد دہانی ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ کشمیر مظلوم کشمیریوں کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا دن ہے اور کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، کشمیری عوام کی قربانیاں انصاف اور آزادی کی جدوجہد کی روشن مثال ہیں۔ عاصم جاوید نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مؤثر اور فوری کردار ادا کرنا چاہئے، پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی  نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تمام افسران اور ملازمین کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی بنیاد ہے۔