یومِ یکجہتی کشمیر: پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

02-05-2026

(لاہور نیوز) یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پرلاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، پنجاب پولیس نے کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس راؤ عبدالکریم نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی، حقِ خودارادیت اور بقا کی جدوجہد کر رہے ہیں، جسے پنجاب پولیس سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر شرپسند اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات پر تعینات ہیں۔ سکیورٹی ڈیوٹی پر 176 سپروائزری افسران، 231 انسپکٹرز، 553 سب انسپکٹرز، 919 اے ایس آئیز، 200 خواتین پولیس اہلکاروں سمیت 8 ہزار کانسٹیبلز مامور ہیں۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر 378 پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جن میں 279 ریلیاں، 81 سیمینارز اور 19 دیگر تقریبات شامل ہیں، حساس مقامات پر منعقد ہونے والی ریلیوں اور اے کیٹگری پروگراموں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں گے۔