انسداد پولیو مہم، پہلے دو روز ایک کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

02-04-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے اور مہم اپنے تیسرے روز میں داخل ہو گئی ہے۔

پہلے دو روز کے دوران صوبہ بھر میں ایک کروڑ پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں پانچ لاکھ نوے ہزار سے زائد، راولپنڈی میں چار لاکھ چون ہزار سے زائد جبکہ ملتان میں چار لاکھ اٹھتر ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور  نے مہم کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے اور والدین کو قائل کر کے بچوں کو قطرے پلائے جا رہے ہیں، والدین کا تعاون مثالی ہے جو مہم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ عدیل تصور  نے عوام سے اپیل کی کہ پولیو ورکروں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور خصوصاً خواتین پولیو ورکروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پولیو ٹیموں کو مناسب سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ اہم گزرگاہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر پولیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ نے ہدایت کی کہ گزرگاہوں پر تعینات پولیو ٹیمیں چوکس رہیں کیونکہ پولیو وائرس سفر کرنے والی آبادی کے ساتھ منتقل ہو سکتا ہے، پولیو وائرس ایک انتہائی متحرک اور خطرناک وائرس ہے جس سے بچاؤ کیلئے پولیو کے قطرے سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔