جنرل ہسپتال کی چوتھی منزل سے 25 سالہ لڑکی نے چھلانگ لگا دی، شدید زخمی

02-04-2026

(لاہور نیوز) جنرل ہسپتال کی او پی ڈی کی چوتھی منزل سے 25 سالہ لڑکی نے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔

پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی شناخت عائشہ ولد محمد نواز کے نام سے ہوئی ہے، جو ایبٹ آباد کی رہائشی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ جنرل ہسپتال کے میڈیکل یونٹ ٹو میں زیرِ علاج تھی۔ واقعہ کے وقت اس کا بھائی کھانا لینے گیا ہوا تھا، اسی دوران لڑکی چھت پر چڑھی اور چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی۔ چھلانگ لگانے کے باعث لڑکی شدید زخمی ہوگئی، جسے فوری طور پر علاج کے لیے سرجیکل ایمرجنسی منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ لڑکی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا، جس کی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔ واقعہ کی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔