بسنت پر ہوائی فائرنگ اورغیر اخلاقی سرگرمیوں پر قانون فوری حرکت میں آئیگا: آئی جی پنجاب

02-04-2026

(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے بسنت فیسٹیول کے محفوظ انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ قانون شکنی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے لاہور پولیس کو ہدایت دی کہ پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت، بسنت سے متعلق حکومتی ایس او پیز کی چیکنگ اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق لاہور میں بسنت کے موقع پر ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے جبکہ لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے تحت صرف مخصوص دنوں میں ہی بسنت کی اجازت ہوگی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 150 مقدمات درج کیے گئے اور 157 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 39 ہزار 667 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 248 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور میں غیر قانونی پتنگوں اور ڈوروں کے کاروبار میں ملوث 67 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 7 ہزار سے زائد پتنگیں اور 41 ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 3998 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مجموعی طور پر 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد پتنگیں اور 7374 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔