فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، ملک شاپ، سنیکس اور معروف سویٹس یونٹ بند

02-04-2026

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملک شاپ، سنیکس یونٹ اور معروف سویٹس یونٹ کو بند کر دیا۔

کارروائی کے دوران 3 ہزار 630 کلو بیمار اور لاغر مرغیاں تلف جبکہ ایک من سے زائد دودھ ضائع کر دیا گیا، مختلف اقسام کی غیر معیاری اور غیر منظور شدہ ساسز بھی ضبط کر لی گئیں۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق علی الصبح ٹولنٹن مارکیٹ میں گرینڈ آپریشن کیا گیا جہاں 43 سپلائرز کے پاس موجود 60 ہزار کلو مرغیوں کی چیکنگ کی گئی، اس کے علاوہ شاداب کالونی، جلو موڑ اور مغلپورہ میں بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ دودھ کا سیمپل فیل ہونے پر ملک شاپ کو بند کر کے مقدمہ درج کروا دیا گیا، سویٹس اور سنیکس یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بھرمار کا انکشاف ہوا، سٹوریج کیلئے نان فوڈ گریڈ ٹوکریاں استعمال کی جا رہی تھیں جبکہ واش روم کے ساتھ مشینری رکھی گئی تھی۔ انہوں  نے مزید بتایا کہ کیمیکل ڈرم میں پانی سٹور کیا گیا تھا اور ملازمین کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، فوڈ اتھارٹی سے غیر منظور شدہ ساسز کے چار سیمپل لئے گئے جبکہ بڑی مقدار میں ساسز ضبط کر لی گئیں۔ عاصم جاوید کے مطابق تلف کی گئی مرغیاں نزلہ زکام اور مختلف بیماریوں میں مبتلا پائی گئیں، جعلی اور مضر خوراک کے سوداگروں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور صارفین کو دھوکہ دینے والے عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں جن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔