لا اینڈ آرڈر کنٹرول کرنا میری ترجیح ہے، آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم
02-03-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب پولیس راؤ عبدالکریم نے کہا ہے کہ میری ترجیحات لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنا ہے۔
عہدے کا چارج لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ میری ترجیح ہو گی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جو کام شروع کئے گئے ہیں انکو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے کہا کہ میری ترجیحات پولیس کی ویلفیئر کے لیے اقدامات کرنا ہے، زیادہ اکھاڑ بچھاڑ پر یقین نہیں رکھتا۔ راؤ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ جو اچھا کام کرے گا وہ میری ٹیم کا حصہ ہو گا، جو اچھا کام نہیں کرے گا اس کو تبدیل کیا جائے گا، پنجاب پولیس میں انشاءاللہ بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ راؤ عبدالکریم کو آئی جی پنجاب اور عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ پنجاب کے نئے آئی جی راؤ عبدالکریم کا تعلق 24 ویں کامن سے ہے، وہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ تعینات تھے، انہوں نے 1996 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی تعینات رہ چکے ہیں۔ راؤ عبدالکریم ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن کی ذمہ داریاں بھی نبھاچکے ہیں، وہ قصور اور جھنگ میں بطور ڈی پی او بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور کو 24 جنوری 2023ء کو عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، انہوں نے بطور آئی جی پنجاب 3 سال سے زائد کا دورانیہ گزارا، وہ 24 فروری 2023 سے 2 فروری 2026 تک آئی جی پنجاب رہے۔