کوٹ لکھپت کے علاقے میں تلخ کلامی پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

02-03-2026

(لاہور نیوز) کوٹ لکھپت کے علاقے چند رائے روڈ پر تلخ کلامی کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران  نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، ڈی آئی جی آپریشنز  نے واقعے کا مقدمہ فوری طور پر درج کرنے اور ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے۔ انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا بھی حکم دیا اور واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔