پنجاب فوڈ اتھارٹی کا فیروزوالا میں چھاپہ، معروف باربی کیو ریسٹورنٹ بند، مقدمہ درج

02-03-2026

(لاہور نیوز) جعلساز مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر بھر میں بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے احکامات پر علی الصبح سے رات گئے تک ناکہ بندیاں کر کے کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ کارروائی کے دوران فیروزوالا میں معروف باربی کیو ریسٹورنٹ کو ممنوعہ چائنہ نمک کے استعمال پر بند کر دیا گیا جبکہ ریسٹورنٹ کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا، مجموعی طور پر 255 دودھ بردار گاڑیوں اور 71 میٹ شاپس پر چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں 99 ہزار روپے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 5 ہزار 500 کلو لاغر اور بیمار مرغیاں، ناقص گوشت، 1 ہزار 140 لٹر ملاوٹی دودھ، ممنوعہ چائنہ نمک اور دیگر غیر معیاری اشیاء تلف کر دی گئیں۔ عاصم جاوید نے بتایا کہ 1 لاکھ 94 ہزار لٹر سے زائد دودھ اور 98 ہزار کلو گوشت کی چیکنگ کی گئی، جبکہ موقع پر کئے گئے ٹیسٹ میں ناقص پائے جانے پر ملاوٹی دودھ کو فوری طور پر تلف کیا گیا۔ انہوں  نے مزید بتایا کہ سینئر ویٹرنری اسپیشلسٹ نے مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جو نزلہ، کم وزن اور مختلف بیماریوں میں مبتلا پائی گئیں اور انسانی استعمال کے لئے موزوں نہیں تھیں، جس پر بیمار اور کم وزن مرغیاں تلف کر دی گئیں اور ذمہ داروں پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق متعدد ملک شاپس میں ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی عدم موجود پائے گئے، انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کی تیاری سے  لے کر ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی جاری ہے اور فوڈ بزنسز کے ملازمین کے لئے ایپرن، ہیڈ کور، ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی بین الاقوامی معیار کے مطابق دودھ اور گوشت کی تیاری و ترسیل کے نظام پر کام کر رہی ہے اور جعلساز مافیا کے جڑ سے خاتمے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔