مریم نواز نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ہیڈکوارٹر اور ای وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کر دیا

02-02-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ہیڈکوارٹر اور ای وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹروبس کے جدید ترین آٹومیٹک واشنگ پلانٹ کا دورہ کیا، واشنگ پلانٹ پر آٹو میٹک طریقہ کار سے الیکٹرو بس کی واشنگ اور ڈرائی کیا جاتا ہے۔الیکٹروبس کے جدید ترین واشنگ پلانٹ میں ری سائیکلنگ کے ذریعے پانی کو دوبارہ استعمال میں لایا جاتا ہے، مریم نواز نے الیکٹروبسوں کے لئے جدید ترین چارجنگ سٹیشن کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا،یو ٹونگ کمپنی کے جدید ترین 160کلوواٹ چارجنگ سٹیشن 105منٹ میں الیکٹرک بس کو چارج کیا جاتا ہے، مریم نواز نے گرین الیکٹروبس کے نئے روٹس دریافت کرنے اور الیکٹروبس چارجنگ سسٹم جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ مریم نواز  نے مسافروں کی تعداد کے پیش نظر مزیدبہتر انتظامات کی ہدایت کی اور 1500نئی بسوں کے لئے ٹائم لائن طلب کر لی، ان کا کہنا تھا کہ سپیشل افراد کی معاونت کرنے والا الیکٹروبس کے عملے کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ گرین بس کی لانچنگ سے پنجاب میں رائیڈر شپ کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جلد از جلد میٹرو بس سروس پراجیکٹ کا آغاز کرنے چاہتے ہیں، پنجاب کے عوام کے لئے صاف، محفوظ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ55لاکھ سے زائد مسافر الیکٹروبس پر سفر کر چکے ہیں۔ الیکٹروبس پر38 خواتین اور 15لاکھ سے زائد طلبہ مفت سفر سے مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور میں اب تک10 خواتین کو نئے بس سٹاپس پر ٹک شاپس فراہم کی گئی ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے بسوں کی بروقت آمد و رفت یقینی بنائی جا رہی ہے، ٹی کیش کارڈ کے ذریعے پنجاب بھر میں کیش لیس اور پیپر لیس سفر ممکن ہوگا۔ ایک ہی اسمارٹ کارڈ سے مختلف پبلک ٹرانسپورٹ سروسز پر سفر کی سہولت ملے گی۔