لیبیا کی افواج کے کمانڈر کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سے ملاقات

02-02-2026

(لاہور نیوز) لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف، فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اور حکومت لیبیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر اسامہ سعد حماد نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق دوران ملاقات فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں خاص طور پر اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی کے حالات اور پیشہ ورانہ تعاون پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج اور لیبیا کی افواج کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی جانب سے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کو دہرایا، انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کی حمایت پر بھی زور دیا۔ ملاقات دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور لیبیا کے طویل المدتی دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، قبل ازیں نور خان ایئر بیس پر پہنچنے پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔ اس موقع پر مہمانوں نے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور جی ایچ کیو میں واقع شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔