حکومت کا ایئرپورٹ کے علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی کا فیصلہ

02-02-2026

(ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے ایئرپورٹس کے اطراف علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلہ بلا رکاوٹ فضائی آپریشن اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے متعلقہ محکموں کو باقاعدہ احکامات جاری کر دیئے جائیں گے، جس کے تحت ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی نافذ ہو گی، حکام کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے باعث طیاروں کی آمد و رفت میں خلل پڑنے اور حادثات کے خدشات موجود رہتے ہیں، اسی لئے یہ اقدام ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ  نے واضح کیا ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور فضائی نظام کی بلا تعطل روانی کیلئے کیا گیا ہے۔