سونے کے دام میں قدرے استحکام، قیمتوں میں نمایاں کمی

02-02-2026

(لاہور نیوز) ہفتے کے پہلے کاروباری روز سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جس کے باعث مقامی اور عالمی منڈی میں سونے کے داموں میں قدرے استحکام آنے لگا ہے۔

عالمی منڈی میں سونا 338 ڈالرز سستا ہو گیا، جس کے بعد سونا 4 ہزار 550 ڈالرز فی اونس پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا، جبکہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر عالمی مارکیٹ میں سونا 4 ہزار 888 ڈالرز فی اونس پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، 24 قیراط سونا 34 ہزار 500 روپے فی تولہ سستا ہو کر 5 لاکھ 26 ہزار 500 روپے سے کم ہو کر 4 لاکھ 92 ہزار روپے فی تولہ پر آ گیا۔ اسی طرح 22 قیراط سونا 4 لاکھ 51 ہزار 333 روپے فی تولہ کی سطح پر پہنچ گیا، جبکہ 21 قیراط سونا 4 لاکھ 31 ہزار روپے فی تولہ میں فروخت ہو رہا ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، گزشتہ روز 13 ہزار 700 روپے فی تولہ میں فروخت ہونے والی چاندی 4 ہزار 700 روپے کمی کے بعد 9 ہزار روپے فی تولہ پر آ گئی۔