پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ، بی سی سی آئی کا رد عمل بھی آ گیا
02-02-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ردِعمل سامنے آ گیا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے متعلق اتوار کے روز بڑی پیش رفت ہوئی، جب پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وہ بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرے گا، تاہم ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی مجموعی شرکت برقرار رکھے گی۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک رکن نے بھارتی خبر ایجنسی کو بتایا کہ انڈین ٹیم آئی سی سی پروٹوکول کے مطابق سری لنکا کا سفر کرے گی۔ ترجمان بی سی سی آئی کے مطابق ٹیم انڈیا سری لنکا جائے گی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطوں پر عمل بھی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس میں بھی شرکت کرے گی، مقررہ وقت پر سٹیڈیم پہنچے گی اور میچ ریفری کی جانب سے میچ منسوخ کئے جانے کا انتظار کرے گی۔ بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان نے 15 فروری کو ہونے والے گروپ سٹیج کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، اس کے باوجود بھارتی ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ پروٹوکول کے مطابق سری لنکا جائے گی اور میچ ریفری کے فیصلے تک میدان میں موجود رہے گی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔