پیپلز پارٹی کی ناصر باغ سے چیئرنگ کراس تک ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ریلی

02-01-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ناصر باغ سے چیئرنگ کراس تک “کشمیر بنے گا پاکستان” کے عنوان سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو مال روڈ پر پہنچتے پہنچتے ملین مارچ کی صورت اختیار کر گئی۔

ریلی میں لاہور کے چاروں ڈسٹرکٹس سے پارٹی کارکنوں کی سینکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں، جبکہ پیپلز یوتھ، لیبر یونین، رکشہ یونین اور وومن ونگ کے قافلوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے مختلف روٹس پر کارکن پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عظیم کارکنوں نے سی مال روڈ پر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پوری آن، بان اور شان کے ساتھ زندہ ہے۔ انہوں نے فیصل میر اور ڈاکٹر عائشہ کاپوری سمیت پوری ٹیم کو کامیاب ریلی کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ کارکنوں نے آج تاریخ رقم کر دی ہے اور ان شاء اللہ پورا پاکستان پیپلز پارٹی کا میدان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے کہا تھا کہ گھاس کھا لیں گے مگر ایٹمی پروگرام بنائیں گے، اور پیپلز پارٹی آج بھی قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ “سب کے ساتھ یاری” پیپلز پارٹی کی پالیسی ہے، ہم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور پاکستان میں سکون، امن اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے امن چاہتا ہے، تاہم جارحیت کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اس موقع پر حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جنگ کسی حکمران کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور بیروزگاری کے خلاف ہے۔ آخر میں راجہ پرویز اشرف نے کہا، “لاہوریو! تم لوگوں نے دل جیت لیے ہیں۔”