وزیراعلیٰ مریم نواز کا منکیرہ کا دورہ، دانش سکول کا افتتاح، میل پروگرام کا آغاز
02-01-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دانش سکول منکیرہ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور گورنمنٹ پرائمری سکول کیسانوالہ میں سی ایم سکول میل پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے منکیرہ کے تین سکولوں کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا جس پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کیسانوالہ کو پرائمری سے ایلیمنٹری جبکہ کری اور نورپور شاہ کے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکولوں کو ہائی سکول کا درجہ دے دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گورنمنٹ پرائمری سکول کیسانوالہ کی طالبات میں لنچ بکس تقسیم کیے اور خود کلاس روم میں جا کر طالبات سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے دودھ کے خالی پیک ریپرز سے بننے والے ڈیسک دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ری سائیکلنگ سے تیار کیا گیا یہ فرنیچر بارش اور 100 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت میں بھی خراب نہیں ہوتا اور 40 سال تک قابلِ استعمال رہتا ہے۔ مریم نواز شریف طالبات سے گھل مل گئیں اور ان سے سوالات کیے۔ ایک معصوم طالبہ نے “ع سے عین” کا جواب دیا تو وزیراعلیٰ نے مسکرا کر داد دی۔ ایک طالبہ نے وزیراعلیٰ کے لباس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “ٹی وی پر روز دیکھتی ہوں، آج آپ کو خود دیکھا”، جس پر وزیراعلیٰ نے شفقت سے جواب دیا۔ وزیراعلیٰ نے بچیوں کو نصیحت کی کہ دودھ پئیں، اچھی غذا کھائیں اور مضبوط بنیں۔ دانش سکول منکیرہ پہنچنے پر سفید پگڑی پہنے دو بچوں کا ہاتھ پکڑ کر افتتاح کے لیے اپنے ساتھ لے کر آئیں۔ انہوں نے سکول کی کمپیوٹر لیب اور لائبریری کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ کتابیں پڑھنے سے علم اور عزت میں اضافہ ہوتا ہے۔ دانش سکول گرلز کیمپس کے ہاسٹل میں وزیراعلیٰ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی تین طالبات نرمل تحریم، شکیلہ نور اور انوشے کنول کی سالگرہ منائی، کیک کاٹا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے طالبات کے ساتھ بیٹھ کر دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ محنت کریں، آگے بڑھیں، محنت سے وہ سب کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے جو بظاہر ناممکن لگتا ہے، کبھی ڈرنا نہیں، اگر کچھ نہ آئے تو سیکھنے کی کوشش کریں، بیٹیاں ہر شعبے میں آگے بڑھیں تو بے حد خوشی ہوتی ہے، ماں کے طور پر پنجاب بھر میں اپنی بیٹیوں کے لیے جو ممکن ہوا ضرور کروں گی۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ایم سکول میل پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد خالی دودھ کے پیک ری سائیکل کیے جا چکے ہیں جن سے فرنیچر، کاپیاں اور پنسلیں تیار کی جا رہی ہیں، صوبے بھر کے 20 دانش سکولوں میں 13 ہزار 197 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکول منکیرہ کا منصوبہ 2017 میں شروع ہوا تھا جسے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مکمل کروایا، دانش سکول منکیرہ 250 ایکڑ رقبے پر قائم ہے جہاں 770 طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سی ایم سکول میل پروگرام پنجاب کے 13 اضلاع کے 8 ہزار 319 اسکولوں میں جاری ہے، جن میں 4 ہزار 309 بوائز اور 4 ہزار 010 گرلز سکول شامل ہیں، پروگرام کے آغاز کے بعد طلبہ کی انرولمنٹ میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اب تک 3 کروڑ 37 لاکھ دودھ کے پیک اور 1 کروڑ 22 لاکھ بسکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔