شیراکوٹ میں کروڑوں کی ڈکیتی، مزاحمت پر شہری گولی لگنے سے زخمی

01-31-2026

(لاہور نیوز) شیراکوٹ میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی سنگین واردات میں شہری کروڑوں روپے سے محروم ہو گیا۔

پولیس کے مطابق راجن پور سے تعلق رکھنے والے اصغر اور ایاز سونا بازار میں زیورات فروخت کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے کہ دو مسلح ڈاکوؤں  نے ان سے 2 کروڑ 17 لاکھ روپے مالیت کا بیگ چھین لیا۔ شہری کی جانب سے مزاحمت پر ملزمان  نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اصغر گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو بیگ چھین کر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، زخمی شہری کو فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس  نے ڈکیتی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا  جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔