پاسنگ مارکس 40 کرنے کا منصوبہ التوا کا شکار
01-31-2026
(لاہور نیوز) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی سست روی کے باعث تعلیمی بورڈز میں پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کرنے کا منصوبہ تاحال التوا کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب ایک سال گزرنے کے باوجود اس اہم فیصلے کیلئے صوبائی کابینہ سے منظوری حاصل نہ کر سکا۔ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کو پاسنگ مارکس میں اضافے کے احکامات جاری کئے جا چکے تھے، جس کے تحت طلبہ کے نتائج کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پاسنگ مارکس 40 کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اس حوالے سے کابینہ سے منظوری حاصل کر لی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے منظوری کیلئے سمری متعلقہ حکام کو بھجوا دی ہے، تاہم پنجاب میں محکمہ ہائر ایجوکیشن تاحال پیپر ورک ہی مکمل نہیں کر سکا، جس کے باعث معاملہ مسلسل التوا کا شکار ہے۔ تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ پنجاب کی جانب سے تاخیر کے باعث یکساں تعلیمی پالیسی پر عملدرآمد ممکن نہیں ہو پا رہا، جس سے طلبہ اور تعلیمی اداروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔