ٹولنٹن مارکیٹ میں فوڈ سیفٹی ٹیموں کا کریک ڈاؤن، 6 ہزار 750 کلو بیمار مرغیاں ضائع

01-31-2026

(لاہور نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ٹولنٹن مارکیٹ میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح ایک بڑے کریک ڈاؤن کے دوران 50 میٹ شاپس اور سپلائرز کی جانچ کی۔

اس کارروائی کے دوران 6 ہزار 750 کلو لاغر، بیمار اور کم وزن مرغیاں برآمد ہوئیں، جنہیں فوری طور پر تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق تلف کی گئی مرغیاں نزلہ، کم وزن اور مختلف امراض میں مبتلا پائی گئیں، ویٹرنری سپیشلسٹ نے برآمد شدہ مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا، خلاف ورزی کرنے والے سپلائرز اور دکانوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ گوشت کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید ایس او پیز وضع کئے گئے ہیں، ملازمین کیلئے کام کے دوران ایپرن، ہیڈ کور، ماسک اور دستانے لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں 3 شفٹوں میں ٹولنٹن مارکیٹ کی چیکنگ کر رہی ہیں تاکہ گوشت کی سپلائی میں کسی قسم کی کوتاہی یا رعایت نہ دی جا سکے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے زور دیا کہ سپلائرز تندرست چکن فراہم کریں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔