لاہور کے 167 ہائی سکولوں میں کمپیوٹر اور سائنس لیبز نان فنکشنل
01-30-2026
(لاہور نیوز) ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کی ناقص انتظامیہ کے باعث شہر کے 167 ہائی سکولوں میں کمپیوٹر اور سائنس لیبز فنکشنل نہیں ہیں، جس سے ہزاروں میٹرک طلباء کی معیاری تعلیم خطرے میں پڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق ان نان فنکشنل لیبز والے سکولوں میں گورنمنٹ سلمانیہ ہائی سکول سمن آباد، پاکستان ماڈل سکول رحمان پورہ، گورنمنٹ سکول ہیئر کینٹ، اسلامیہ ہائی سکول مغلپورہ سمیت گورنمنٹ سکول چونگ، سرائچ، حسینہ آباد، سوترمّل، ایف ڈی ماڈل گارڈن ٹاؤن شپ، آرائیاں رائیونڈ، گلشن راوی، فیروز پور روڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سکولوں میں یوحنا آباد، سبزہ زار، سلطان پورہ، گوالمنڈی، شاہدرہ ٹاؤن، بیگم کورٹ شاہدرہ اور دہلی گیٹ کے نام شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور سے لیبز نان فنکشنل ہونے کی وجوہات دریافت کر لی ہیں، پنجاب ٹیچرز یونین کے مطابق سائنس اور کمپیوٹر لیبز کی غیر فعال صورتحال کی بنیادی وجہ افسران کی جانب سے سکولوں کی مانیٹرنگ میں دلچسپی نہ لینا ہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین نے مزید کہا کہ افسران کا ہدف معیاری تعلیم فراہم کرنے کی بجائے اساتذہ کی معطلیوں اور سزاؤں پر مرکوز ہے، جس کے باعث طلباء کو جدید تعلیم حاصل کرنے کے مواقع محدود ہو گئے ہیں۔