شاہدرہ ٹاؤن سے گمشدہ کمسن بہن بھائی والدین سے دوبارہ مل گئے
01-30-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں ننھے بہن بھائی دو گھنٹے کے اندر والدین سے دوبارہ مل گئے۔
رپورٹس کے مطابق، مہک (14 سال) اور ان کے چھوٹے بھائی معیز (6 سال) پیراڈائیز سکول، شاہدرہ ٹاؤن سے گھر واپس آتے ہوئے راستہ بھول گئے اور عیدگاہ روڈ، شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں دو گھنٹے تک گھر پہنچنے میں ناکام رہے، والدہ کی 15 پر کال کے بعد شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے فوری ریسپانس کیا۔ ایس پی (سٹی) بلال احمد کی نگرانی میں کی گئی ریسکیو آپریشن کے دوران پولیس ٹیم نے بچوں کو پرانا نارووال روڈ سے تلاش کرکے والدین کے حوالے کیا، بچوں کی تلاش میں ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق، رواں سال لاہور پولیس نے مجموعی طور پر 37 گمشدہ بچوں کو والدین سے ملایا ہے، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور کو پرامن اور محفوظ بنانا ہمارا مشن ہے اور ہم شہر کو چائلڈ فرینڈلی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ سی سی پی او نے مزید کہا کہ بچوں کو والدین سے ملانے کی روایت لاہور پولیس نے قائم رکھی ہے اور ایس پی سٹی اور شاہدرہ ٹاؤن پولیس ٹیم کی پیشہ ورانہ کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔