بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کا مہنگا سامان ملنے کا اندیشہ، ضلعی انتظامیہ کا اہم فیصلہ

01-30-2026

(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بسنت کے موقع پر ایک محفوظ، پرامن اور منظم ثقافتی میلے کے انعقاد کیلئے کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت جامع اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

پتنگ بازی کے سامان کی ممکنہ مہنگی اور غیر قانونی خرید و فروخت کے خدشے کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے اہم احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق ضلع لاہور اور صوبہ پنجاب کی حدود سے باہر سے پتنگ بازی کا سامان لانے کی اجازت صرف مخصوص شرائط کے تحت دی جائے گی، جبکہ یہ سہولت صرف رجسٹرڈ تاجروں تک محدود ہوگی۔ اس مقصد کیلئے ای بز (e-Biz) پورٹل کے ذریعے آن لائن ٹرانسپورٹیشن پرمٹ کے اجراء کی جدید سہولت متعارف کرائی گئی ہے تاکہ تاجر برادری کو قانونی اور شفاف طریقے سے اجازت نامے حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ ضلعی انتظامیہ اور رجسٹرڈ تاجروں کے مابین مکمل تعاون، قوانین اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر بھر میں صرف ڈپٹی کمشنر کی منظور شدہ کمرشل جگہوں پر ہی کاروبار اور سٹوریج کی اجازت ہوگی، جبکہ محکمہ داخلہ کے ایس او پیز اور دفعہ 144 کے مؤثر نفاذ سے حکومتی رٹ ہر صورت قائم رکھی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت صرف منظور شدہ مقامات پر ہی سامان ذخیرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔ رجسٹرڈ تاجروں کو ممنوعہ سامان کی عدم موجودگی کا بیانِ حلفی جمع کروانا لازم ہوگا، جبکہ دوسرے اضلاع سے سامان لانے کیلئے پیشگی ٹرانسپورٹیشن اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پتنگوں پر مذہبی، سیاسی، شخصی یا ملکی پرچم سے متعلق کسی بھی قسم کی تصاویر کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ دورانِ ترسیل اور گوداموں میں انسپکشن کیلئے تشکیل دی گئی ٹیموں سے مکمل تعاون لازم ہوگا، جبکہ دھاتی ڈور اور ممنوعہ کیمیکلز کے استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے شہریوں کیلئے محفوظ اور پرامن تفریح کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی دائرہ کار میں رہنے والے رجسٹرڈ تاجروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ای بز پورٹل کا بنیادی مقصد اجازت ناموں کے حصول کے عمل کو آسان اور شفاف بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ممنوعہ سامان کی خرید و فروخت روکنے کیلئے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام فعال ہے، اور ثقافتی سرگرمیوں کے دوران مذہبی و سماجی اقدار کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔