غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بناتی ہیں، چیئرپرسن سارہ احمد

01-30-2026

(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا ہے کہ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بناتی ہیں۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد  نے بیکن کے 22ویں سالانہ تقریری مقابلے میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، اس موقع پر طلبہ کیلئے سب کچھ ہونے کے باوجود، دنیا بہتری کی طرف گامزنکے عنوان سے تقریری مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں چیئرپرسن سارہ احمد  نے میڈلز اور انعامات تقسیم کئے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سارہ احمد نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، تقریری مقابلے طلبہ میں خود اعتمادی کو فروغ دیتے ہیں اور نئے افکار و خیالات کو اجاگر کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ چیئرپرسن سارہ احمد  نے مزید کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں عملی زندگی کے چیلنجز کیلئے بھی تیار کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ، اساتذہ اور والدین  نے ایسے مثبت اور تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہا۔