لاہور ہائیکورٹ: جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اور ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دائر

01-30-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں بھاٹی گیٹ کے قریب ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے لیے آئینی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں پنجاب حکومت، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتہائی گنجان آباد علاقے میں مین ہول کھلا چھوڑنا انتہائی غفلت کا مظہر ہے، حکومت نے اصل ذمہ داران کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے محض نمائشی اقدامات کیے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق لاہور میں ہر سال 10 ہزار سے زائد مین ہول ڈھکن چوری ہو جاتے ہیں، جس کے باوجود مؤثر نظام موجود نہیں، پولیس کی جانب سے صرف سیکشن 322 کے تحت مقدمہ درج کرنا ناکافی قرار دیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ماں اور بیٹی کا جاں بحق ہونا کوئی حادثہ نہیں بلکہ مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، مزید یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ واقعہ کے بعد پولیس اور بعض حکومتی نمائندوں نے متاثرہ خاندان کو ہراساں کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ واقعہ کے اصل حقائق سامنے لانے کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے،متاثرہ خاندان کے لیے معاوضے کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افسران سے 25 کروڑ روپے بطور معاوضہ وصول کر کے لواحقین کو ادا کیے جائیں۔