افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں، عظمی بخاری

01-29-2026

(لاہور نیوز) داتا دربار کے قریب ماں اوربیٹی کےجاں بحق ہونےکے واقعے پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں، پنجاب میں انسانی جان کے ضیاع کی کوئی معافی نہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں، انتظامیہ نے غلطی چھپانے کے لیے غلط حقائق شیئر کئے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے غلطیوں اور کوتاہیوں کو نہیں چھپایا، وزیر اعلیٰ نے برملا ندامت کا اظہار کیا اور گناہگاروں کو گرفتار کروایا۔  عظمی بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب میں انسانی جان کے ضیاع کی کوئی معافی نہیں، میں ذاتی طور پر بھی شرمندہ ہوں اور معافی کی طلبگار ہوں، انتظامیہ کی فراہم کردہ معلومات مجھے شیئر کرنا پڑیں جبکہ استعفیٰ دینے کے لیے بھی تیار تھی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کی کوئی غلطی نہیں، آخر میں انہوں نے کہا کہ اللہ پاک سب کی حفاظت فرمائے۔