سیورج لائن میں گر کر ماں بیٹی کی ہلاکت، پراجیکٹ مینجر سمیت دیگر افسران کیخلاف مقدمہ درج

01-29-2026

(لاہور نیوز) بھاٹی چوک میں ماں اور بچی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے کا مقدمہ پراجیکٹ منیجر، سیفٹی انچارج اور سائیٹ انچارج کیخلاف درج کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ تھانہ بھاٹی گیٹ میں خاتون کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ پراجیکٹ منیجر اصغر سندھو، سیفٹی انچارج دانیال، سائیٹ انچارج احمد نواز کے خلاف درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق خاتون کے والد ساجد حسین نے بتایا کہ بیٹے کے فون پر بتایا گیا کہ آپ کی بہن سعدیہ اور ان کی بیٹی مین ہول میں گر گئی ہیں، میرے داماد غلام مرتضیٰ نے بھی بتایا کہ سعدیہ کی ڈیڈ باڈی مل گئی ہے۔ یاد رہے کہ ماں بیٹی کے سیوریج مین ہول میں گرنے کا افسوسناک واقعہ بھاٹی گیٹ کے قریب داتا دربار کے سامنے گزشتہ رات پیش آیا، جہاں ترقیاتی کام جاری تھا اور سیوریج مین ہول کھلا ہوا تھا۔ متاثرہ خاتون اپنی کمسن بیٹی کے ساتھ دربار پر حاضری کے بعد رکشے سے اتر رہی تھیں کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث دونوں کھلے مین ہول میں جا گریں، اہلِ خانہ کے مطابق مین ہول تقریباً 20 سے 25 فٹ گہرا تھا اور اس پر کوئی ڈھکن بھی موجود نہیں تھا۔