محکمہ ماحولیاتی تحفظ کو مزید اختیارات دینے کا فیصلہ، بل پنجاب اسمبلی میں پیش

01-29-2026

(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب نے ماحولیاتی تحفظ کو مؤثر بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ،محکمہ ماحولیاتی تحفظ کو مزید اختیارات دینے کے لیے پنجاب ماحولیاتی تحفظ (ترمیمی) ایکٹ 2026 رواں اجلاس میں پیش کر دیا گیا ۔

ترمیمی ایکٹ کے تحت پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 میں اہم تبدیلیاں کی جائیں گی۔ مجوزہ قانون کے مطابق ای پی اے افسران کو وردیاں فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ان کی سرکاری گاڑیوں پر سبز بتیاں لگانے کی بھی اجازت ہوگی۔ نئے ایکٹ کے تحت ای پی اے افسران ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کے دوران پولیس کی مدد بھی حاصل کر سکیں گے۔ حکومتِ پنجاب نے ماحولیاتی تحفظ کونسل میں بھی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ ترمیم کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب یا وزیراعلیٰ کی جانب سے نامزد کردہ فرد کونسل کے چیئرپرسن ہوں گے جبکہ وزیر ماحولیاتی تحفظ وائس چیئرپرسن کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ کونسل کے دیگر اراکین میں سیکرٹری انڈسٹری، سیکرٹری ایگریکلچر، سیکرٹری جنگلات سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شامل ہوں گے۔ ترمیمی ایکٹ کے تحت محکمہ ماحولیاتی تحفظ کو حکومت کی اجازت سے عالمی اداروں سے معلومات اور تجاویز حاصل کرنے اور بین الاقوامی سیمینارز میں شرکت کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔