خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا افسوسناک واقعہ، ملزم گرفتار
01-29-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی اور بعد ازاں شادی کے مطالبے پر قتل کی دھمکیاں دینے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے مانگا منڈی میں متاثرہ خاتون کے گھر کا دورہ کیا اور متاثرہ خاتون اور اس کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کرنا، اسے حاملہ کرنے کے بعد شادی سے انکار کرنا ایک ناقابلِ برداشت اور سنگین جرم ہے، شادی کا مطالبہ کرنے پر قتل کی دھمکیاں دینا درندگی کے مترادف ہے اور ایسے مجرموں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے واضح کیا کہ ایسے مجرموں کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی، جبکہ متاثرہ خاتون کو مکمل قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تذلیل، بلیک میلنگ اور ہراسانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خواتین کے خلاف جرائم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، خواتین کیلئے محفوظ پنجاب ایک وعدہ ہے، جس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ متاثرہ خاتون کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے متعلقہ ادارے متحرک ہیں جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔