رمضان نگہبان پیکج 47 ارب روپے پر مشتمل، 42 لاکھ خاندان مستفید ہونگے، عظمیٰ بخاری
01-28-2026
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اس بار رمضان نگہبان پیکج 47 ارب روپے پر مشتمل ہے، 42 لاکھ خاندان رمضان نگہبان کارڈ سے مستفید ہوں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہر منصوبے سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں، ستھرا پنجاب، رمضان نگہبان پیکج، فیلڈ ہسپتال اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال رمضان نگہبان پیکج کا حجم 47 ارب روپے ہے، گزشتہ رمضان میں پے آرڈر کے ذریعے 10 ہزار روپے گھروں تک پہنچائے گئے تھے، جبکہ اس بار رمضان نگہبان کارڈ پرنٹ ہو چکے ہیں اور رمضان المبارک سے قبل مستحق افراد تک پہنچا دیئے جائیں گے، 42 لاکھ خاندان رمضان نگہبان کارڈ سے مستفید ہوں گے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 5 فروری کے بعد پنجاب حکومت کے پاس تمام شہریوں کا مکمل ڈیٹا موجود ہو گا، جن افراد کی ماہانہ آمدن 45 ہزار روپے سے کم ہے انہیں فہرست میں شامل کیا گیا ہے، اس مقصد کیلئے گھر گھر جا کر مردم شماری کی طرز پر سروے کیا گیا۔ عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ گزشتہ سال 30 لاکھ خاندانوں کو رمضان نگہبان پیکج دیا گیا تھا، جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھا کر 42 لاکھ خاندانوں تک کر دی گئی ہے، ستھرا پنجاب کے ورکرز کو بھی رمضان نگہبان کارڈ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال رمضان المبارک میں ’’نگہبان دسترخوان، مریم کے مہمان‘‘ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پنجاب کی ہر تحصیل میں دسترخوان لگائے جائیں گے اور ہر تحصیل میں کم از کم 2 ہزار افراد کو معیاری افطاری فراہم کی جائے گی۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق سہولت بازاروں میں اشیائے خورونوش مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے کم قیمت پر دستیاب ہیں، رواں سال سہولت بازار گزشتہ سال سے بہتر ہوں گے، جبکہ پنجاب کے 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا کوئی بھی اقدام پارٹی سیاست کیلئے نہیں بلکہ عوامی مفاد کیلئے ہوتا ہے، تحصیل کی سطح پر 1500 مزید الیکٹرک بسوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف پہلے ہی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور کسی کو بھی ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی، لیبر کلاس کے راشن کارڈ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گلبرگ پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر حکومت نے صرف 5 منٹ میں ریسپانس دیا، اگر آگ کو بروقت نہ بجھایا جاتا تو بڑا سانحہ رونما ہو سکتا تھا، حکومت کی بروقت کارروائی سے قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا گیا۔