لاہور میں بسنت کے موقع پر مفت ٹرانسپورٹ پلان فائنل
01-28-2026
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے بڑا ٹرانسپورٹ پلان فائنل کر لیا۔
کمشنر لاہور ڈویژن نے بسنت کے دوران ٹرانسپورٹ پلان کے تمام روٹس کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے تحت شہری میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین سمیت مختلف ذرائع سے مفت سفر کر سکیں گے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور نجی رائیڈر کمپنیاں مشترکہ طور پر مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی، اس کے علاوہ سرکاری کالجز اور یونیورسٹیز سے بھی بسنت کے موقع پر بسیں طلب کر لی گئی ہیں۔ پلان کے مطابق لاہور کے 24 مختلف روٹس پر مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی، لاہور کے فیڈر روٹس سے 228 بسیں، میٹرو بس سروس کی 64 بسیں جبکہ مختلف سرکاری کالجز سے 54 اور یونیورسٹیز سے 73 بسیں شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کریں گی۔ اعداد و شمار کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے یومیہ تقریباً اڑھائی لاکھ افراد سفر کر سکیں گے، جبکہ میٹرو بس سروس گجومتہ تا شاہدرہ روٹ پر یومیہ 87 ہزار افراد کو مفت سفری سہولت دے گی، لاہور کے فیڈر روٹس کے ذریعے یومیہ ایک لاکھ 27 ہزار افراد کیلئے مفت ٹرانسپورٹ کی گنجائش موجود ہو گی۔ مختلف روٹس پر بسوں کی تفصیلات کے مطابق رانا ٹاؤن تا ریلوے اسٹیشن 13 بسیں، آر اے بازار تا چونگی 4 بسیں، بھٹی چوک تا شاد باغ 5 بسیں، ڈپو چوک تا چونگی 4 بسیں اور کنال سے جناح ٹرمینل تک 12 بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن تا گلشن راوی 8، وحدت روڈ تا قرطبہ چوک 11، آر اے بازار تا ناصر باغ 13، پرانا کاہنہ تا آر اے بازار 19 اور بھٹی چوک تا آر اے بازار 19 بسیں چلیں گی، جبکہ جناح بس ٹرمینل تا بی آر بی 17 بسیں بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر بسوں کے ذریعے یومیہ پانچ لاکھ سولہ ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ نجی کمپنی کے پانچ ہزار رکشوں کی برانڈنگ کر کے انہیں بھی بسنت کے موقع پر مفت ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو بسنت کے دوران محفوظ، منظم سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔