مانگا منڈی: پیدل روڈ کراس کرتے نوجوان کو کنٹینر نے کچل دیا

01-28-2026

(لاہور نیوز) مانگا منڈی کے علاقے میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں پیدل سڑک عبور کرتے ہوئے ایک نوجوان تیز رفتار کنٹینر کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والا نوجوان کسی فیکٹری کا ورکر تھا اور گھر سے فیکٹری جانے کیلئے مین ملتان روڈ کراس کر رہا تھا، نوجوان ایک سڑک عبور کر چکا تھا اور جیسے ہی دوسری سڑک کراس کرنے لگا تو تیز رفتار کنٹینر  نے اسے کچل دیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو کر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ اطلاع ملنے پر مانگا منڈی پولیس کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، پولیس  نے کنٹینر ڈرائیور کو حراست میں  لے کر کنٹینر اور لاش کو قبضے میں لے لیا جبکہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔