سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فائرنگ، 3 صنعتی ورکرز زخمی، 2 ملزمان گرفتار

01-28-2026

(لاہور نیوز) رائیونڈ کے علاقے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فائرنگ اور تشدد کے واقعے میں تین صنعتی ورکرز زخمی ہو گئے۔

واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی عملے  نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں  لے کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ورکرز کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر  بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ورکر پر تشدد کیا جا رہا تھا اور دیگر ورکرز  نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، اس دوران ملزمان  نے فائرنگ اور حملہ کر دیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان بلا اور عتیق  نے جاوید اقبال اور پرویز کی دائیں ٹانگ پر فائرنگ کی، جبکہ ملزم بگھی  نے دستی کلہاڑی کے وار سے حسین نامی شخص کو زخمی کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان ثقلین اور اشتیاق  نے بھی ڈنڈوں سے تشدد کیا، سندر سکیورٹی  نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ پولیس  نے مجموعی طور پر پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ متاثرہ جاوید اقبال کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔