لاہور میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی، ایئر کوالٹی انڈیکس 151 ریکارڈ

01-28-2026

(لاہور نیوز) باغوں کے شہر لاہور میں سردی نے اپنے ڈیرے جما لئے ہیں، جہاں دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے۔

شہر کے بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہی، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوئی، دھند کی شدت کے پیشِ نظر موٹرویز کو حفاظتی اقدامات کے تحت کچھ دورانیے کیلئے بند بھی کیا گیا، تاہم بعد ازاں صورتحال بہتر ہونے پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوائیں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں۔ دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور ایک بار پھر تشویشناک فہرست میں شامل ہو گیا ہے، جہاں دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور 17ویں نمبر پر آ گیا، شہر کا مجموعی اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 151 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کیلئے مضر قرار دیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک موسم ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔