بسنت پر لانگ ویک اینڈ متوقع، 6 فروری کی خصوصی چھٹی دینے کی تجویز
01-27-2026
(لاہور نیوز) بسنت کے موقع پر طویل ویک اینڈ متوقع ہے، جس کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 6 فروری کو خصوصی چھٹی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق بسنت کے باعث شہر میں 5 سے 8 فروری تک تعطیلات کا امکان پیدا ہو گیا، صدرِ پاکستان، وزیر اعظم، فیلڈ مارشل آف پاکستان، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز سمیت دیگر اہم قومی شخصیات کو بسنت کی تقریبات کے دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، چین، ترکی، قطر، دبئی اور ایران کے سفارتکاروں کو بھی بسنت میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 6 اور 7 فروری کو شاہی قلعہ لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں دس منٹ کا شاندار فائر ورکس بھی شامل ہو گا۔ انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے ہفتے لاہور میں لمبی چھٹی کا امکان ہے، 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر سرکاری تعطیل پہلے ہی موجود ہے، جبکہ 7 اور 8 فروری کو ہفتہ اور اتوار کے باعث دفاتر اور تعلیمی ادارے بند ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 6 فروری کو خصوصی چھٹی دینے کی تجویز پر غور جاری ہے، جس کی منظوری کی صورت میں لاہوریوں کو 5، 6، 7 اور 8 فروری کی مسلسل تعطیلات مل سکتی ہیں۔ حتمی فیصلے کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جبکہ شہری بسنت اور ممکنہ لانگ ویک اینڈ کے پیش نظر خاصے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔